بلوچ کالونی پل کے قریب رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی، 100 سے زائد افراد محفوظ منتقل
کراچی(بولونیوز)بلوچ کالونی پل کے قریب واقع ایک رہائشی عمارت میں اچانک بھڑکنے والی خوفناک آگ نے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا۔ آگ عمارت کے بیسمنٹ میں لگی جہاں گاڑیوں کی پارکنگ اور جنریٹر نصب تھا، جس کے بعد شعلے تیزی سے پھیلتے ہوئے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ابتدا میں عمارت کو پانچ منزلہ تصور کیا جا رہا تھا، تاہم بعد ازاں تصدیق ہوئی کہ یہ عمارت آٹھ منزلوں پر مشتمل ہے اور ہر منزل پر چار فلیٹس موجود ہیں، جس کے باعث آگ کی شدت اور خطرات میں مزید اضافہ ہو گیا۔
آگ پر قابو پانے کے لیے فوری طور پر دو اسنارکلز اور پانچ فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ گئے، جو آگ بجھانے اور ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک 100 سے زائد افراد کو بحفاظت عمارت سے نکال لیا گیا ہے، جبکہ کولنگ کا عمل تاحال جاری ہے۔
واقعے کے بعد آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے پولیس حکام کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت جاری کی اور متاثرہ عمارت، رہائشیوں اور اطراف کے علاقوں کو محفوظ بنانے کے احکامات دیے۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔


