ایڈیشنل آئی جی کراچی سے کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کی ملاقات
کراچی(بولونیوز) ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان سے کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کراچی (سی آر اے) کی گورننگ باڈی اراکین نے کراچی پولیس آفس میں ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی صدر سی آر اے سمیر قریشی نے کی، جبکہ نائب صدر عبید اللہ شاہ، جنرل سیکریٹری ندیم احمد، سیکریٹری اطلاعات آصف خان، خازن اکرم قریشی اور دیگر اراکین بھی موجود تھے۔
ملاقات میں باہمی تعاون، پیشہ ورانہ امور، جرائم کی روک تھام میں میڈیا کے کردار اور پولیس و کرائم رپورٹرز کے درمیان روابط کو مزید مؤثر بنانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفد نے پولیس چیف کو سی آر اے اراکین کی تربیت، فلاحی سرگرمیوں اور صحافیوں کو درپیش پیشہ ورانہ چیلنجز کے حل کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ جنرل سیکریٹری ندیم احمد نے فرائض کی ادائیگی کے دوران صحافیوں کے خلاف بیرونی دباؤ کے تحت درج مقدمات پر اپنی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ یہ عمل آزادیٔ اظہار اور صحافت کے لیے نقصان دہ ہے۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صحافیوں کو درپیش کسی بھی شکایت یا مسئلے کی صورت میں کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کو آن بورڈ لیا جائے گا، اور باہمی مشاورت اور مشترکہ لائحہ عمل کے تحت مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمتِ عملی اختیار کی جائے گی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کرائم رپورٹرز کے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہا اور کہا کہ میڈیا نے ہمیشہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حوصلہ افزائی کی اور جرائم کے خلاف اقدامات کو اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی روابط کا تسلسل وقت کی اہم ضرورت ہے اور پولیس عوام دوست اور مؤثر پولیسنگ کے فروغ کے لیے ہر سطح پر اقدامات جاری رکھے گی۔


