رواں سال کا پہلا سورج گرہن 17 فروری کو ہوگا، پاکستان میں نظر نہیں آئے گا
اسلام آباد(بولونیوز) رواں سال کا پہلا سورج گرہن 17 فروری کو ہوگا، تاہم یہ نظارہ پاکستان میں دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق یہ ایک مخصوص نوعیت کا سورج گرہن ہوگا جسے رِنگ آف فائر (Annular Solar Eclipse) کہا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس گرہن کے دوران چاند سورج کو اس انداز میں ڈھانپے گا کہ سورج کا بیرونی حصہ ایک روشن حلقے یا چھلے کی صورت میں نظر آئے گا، جسے رِنگ آف فائر کہا جاتا ہے۔ تاہم یہ مکمل نظارہ صرف انٹارکٹیکا میں دیکھا جا سکے گا۔
رپورٹس کے مطابق جنوبی امریکا اور جنوبی افریقا کے بعض علاقوں، جن میں چلی اور ارجنٹینا شامل ہیں، وہاں جزوی سورج گرہن دیکھا جا سکے گا، جبکہ دنیا کے بیشتر ممالک اس فلکیاتی مظہر سے محروم رہیں گے۔
ماہرین کے مطابق سورج گرہن کا آغاز 17 فروری کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر ایک منٹ پر ہوگا۔ پاکستان میں یہ گرہن دکھائی نہیں دے گا، اس لیے یہاں براہِ راست مشاہدہ ممکن نہیں ہوگا۔
ماہرین نے بتایا کہ رِنگ آف فائر اس وقت بنتا ہے جب چاند زمین سے نسبتاً زیادہ فاصلے پر ہوتا ہے، جس کی وجہ سے وہ سورج کو مکمل طور پر ڈھانپ نہیں پاتا اور سورج کا کنارہ روشن حلقے کی صورت میں نظر آتا ہے۔
اگرچہ پاکستان میں یہ نظارہ ممکن نہیں ہوگا، تاہم شوقین افراد ٹائم اینڈ ڈیٹ نامی ویب سروس پر اس سورج گرہن کی لائیو اسٹریم کے ذریعے اسے دیکھ سکتے ہیں۔


