نیپرا نے نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز 2026 کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

اسلام آباد(بولونیوز)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز 2026 کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نئی ریگولیشنز کے تحت نیٹ بلنگ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے اور اس کا اطلاق بائیوگیس صارفین پر بھی ہوگا۔

نئی ریگولیشنز کے مطابق بلنگ سائیکل کے اختتام پر بل جاری ہوگا، جبکہ نیٹ میٹرنگ صارفین سے بجلی کی خریداری نیشنل ایوریج انرجی پرائس کے مطابق کی جائے گی۔ صارفین کو بجلی موجودہ رائج ٹیرف کے مطابق فراہم کی جائے گی، اور اضافی بجلی نیشنل گرڈ کو فراہم کرنے پر صارفین کو سہ ماہی بنیادوں پر ادائیگی کی جائے گی۔

نیٹ میٹرنگ کے لیے معاہدے کی مدت پانچ سال تک محدود ہوگی، جس کے بعد معاہدہ مزید پانچ سال کی مدت کے لیے تجدید کیا جا سکے گا۔ نئی ریگولیشنز کے نفاذ کے بعد سابقہ نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز 2015 معطل ہو جائیں گی۔

نیپرا کے مطابق اس اقدام کا مقصد نیٹ میٹرنگ کے عمل کو شفاف اور منظم بنانا اور صارفین کے لیے بجلی کی خرید و فروخت کے طریقہ کار کو بہتر بنانا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *