شہر میں ترقیاتی کام جاری، ہر سڑک پر جدید بسیں چلیں گی، شرجیل انعام میمن
کراچی(بولونیوز) سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام جاری ہیں اور شہر کی ہر سڑک پر جدید بسیں چلانے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے یہ بات سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران محکمہ ٹرانسپورٹ سے متعلق سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہی۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس میں وقفۂ دعا کے دوران پاکستان کی بقا و سلامتی، سانحہ گل پلازہ کے شہدا اور کراچی میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کی رکن ہیر سوہو نے لاہور میں پیش آنے والے واقعے پر دعا کی درخواست کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں سوال کیا کہ کیا اب لاہور کو وفاق کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔
اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ 14 سال بعد سندھ اسمبلی کامن ویلتھ کانفرنس کی میزبانی کر رہی ہے جو 4 فروری کو منعقد ہوگی۔ انہوں نے ارکانِ اسمبلی کو بھرپور شرکت کی ہدایت کی اور صوبائی وزیر شرجیل میمن کی تحریک کی منظوری دی کہ اسمبلی ہال کو کانفرنس ہال میں تبدیل کیا جائے۔
وقفہ سوالات کے دوران شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ کراچی کے لیے مزید جدید بسیں کراچی پورٹ پر موجود ہیں، ٹریفک کے لیے اسمارٹ سسٹم پر کام جاری ہے جبکہ بس ٹرمینلز سے مفت شٹل سروس فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بسوں کو شہر سے باہر رکھنے کا فیصلہ ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنک سکوٹی اسکیم کے تحت اب تک 15 ہزار خواتین درخواستیں جمع کرا چکی ہیں۔ نجی کمپنی کی جانب سے خواتین کو مفت تربیت دی جا رہی ہے اور ٹریفک ٹیسٹ پاس کرنے والی خواتین کو سکوٹیز فراہم کی جائیں گی۔
انفراسٹرکچر سے متعلق بات کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی کی سڑکوں کی تعمیر کا کام جاری ہے، کے ایم سی اور محکمہ بلدیات مصروف عمل ہیں، شہر میں متعدد میگا پروجیکٹس پر کام ہو رہا ہے اور وزیر اعلیٰ سندھ نے حال ہی میں کراچی کے لیے 90 ارب روپے مختص کیے ہیں۔


