ڈی آئی جی ایسٹ زون کی زیر صدارت خصوصی ٹاسک فورس کا اجلاس، صنعتکاروں کو تحفظ کی یقین دہانی
کراچی(بولونیوز) ڈی آئی جی ایسٹ زون کراچی ڈاکٹر فرخ علی کی زیر صدارت خصوصی ٹاسک فورس کا دوسرا اجلاس کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں خصوصی ٹاسک فورس کے افسران اور کاٹی کے اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران صنعتی علاقوں میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، فیکٹری مالکان کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے کیے گئے عملی اقدامات اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہونے والی کارروائیوں اور گرفتاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر کاٹی کے اراکین نے مطالبہ کیا کہ گرفتار ملزمان کو قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے، مزید نامزد ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور بلیک میلنگ میں ملوث لیبر لیڈرز کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کا مکمل طور پر قلع قمع کیا جائے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ٹاسک فورس کے سربراہ ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی نے کہا کہ فیکٹری مالکان کو ہراساں کرنے، ناجائز مطالبات منوانے، بلیک میلنگ اور بھتہ خوری کے معاملات میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسٹ زون پولیس کی اولین ترجیح صنعتکاروں کو بلا خوف و خطر اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے پُرامن اور سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ زون نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فیکٹری مالکان کی شکایات کا فوری اور بروقت ازالہ کیا جائے اور شرپسند عناصر کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جائے۔


