عالمی گولڈ مارکیٹ میں سونا تاریخ کی بلند ترین سطح پر، فی اونس قیمت 5 ہزار ڈالر کے قریب پہنچ گئی
کراچی(بولونیوز)عالمی اور مقامی گولڈ مارکیٹس میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں انٹرنیشنل گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونا تاریخ میں پہلی بار 5 ہزار ڈالر کے قریب پہنچ گیا۔
ماہرین کے مطابق مختلف ممالک کے سینٹرل بینکس کی بڑے پیمانے پر خریداری اور جیو پولیٹیکل صورتحال کے باعث سونا اور چاندی مسلسل مہنگی ہو رہی ہیں۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں 24 کیرٹ فی تولہ سونا 6 ہزار 500 روپے کے اضافے سے 5 لاکھ 21 ہزار 162 روپے کی ریکارڈ سطح پر جا پہنچا، جبکہ دس گرام سونے کی قیمت 5 ہزار 583 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 46 ہزار 812 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
اسی طرح چاندی کی فی تولہ قیمت 526 روپے اضافے کے بعد 10 ہزار 801 روپے کی ریکارڈ سطح پر جا پہنچی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں فی اونس سونا 65 ڈالر مہنگا ہو کر 4 ہزار 988 ڈالر کی تاریخی سطح پر ٹریڈ ہوتا رہا۔


