وزیراعلیٰ پنجاب کا اعزازیہ پروگرام برائے آئمہ مساجد اہم سنگِ میل عبور کر گیا

لاہور(بولونیوز)وزیراعلیٰ پنجاب کےاعزازیہ پروگرام برائےآئمہ مساجد نے مختصر مدت میں نمایاں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ حکومت پنجاب نے صرف 10 روز کے اندر 1 ارب 11 کروڑ روپے سے زائد رقم بطور اعزازیہ معزز آئمہ مساجد تک پہنچا دی ہے۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب کے مطابق صوبے بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر میں ماہانہ 25 ہزار روپے اعزازیہ کی تقسیم کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کیے گئے ہیں، تاکہ ادائیگی کا عمل سہل اور شفاف بنایا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 68 ہزار سے زائد آئمہ مساجد نے رضاکارانہ طور پر رجسٹریشن مکمل کروا لی ہے، جو اس پروگرام پر اعتماد کا مظہر ہے۔

ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کے مطابق حکومت پنجاب اس اعزازیہ پروگرام پر سالانہ 20 ارب روپے سے زائد رقم خرچ کرے گی۔ جنوری میں اعزازیہ پے آرڈر کے ذریعے ادا کیا گیا، جبکہ فروری سے آئمہ مساجد کو خصوصی اعزازیہ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کی جائے گی۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ اعزازیہ کی فراہمی کے دوران امام مسجد صاحبان کی عزت و تکریم کو مکمل طور پر ملحوظِ خاطر رکھا جا رہا ہے۔ رجسٹریشن کا عمل آسان، شفاف اور جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے، جبکہ آئمہ مساجد اپنے قریبی اسسٹنٹ کمشنر آفس میں رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *