گلشنِ اقبال چورنگی سے نِپا کے قریب آتے ہوئے ،کھلا مین ہول؛ شہریوں کی جانیں خطرے میں
کراچی(بولونیوز)گلشنِ اقبال چورنگی سے نِپا کے قریب ٹریفک پولیس اسٹیشن سے کچھ فاصلے پر سڑک کے عین درمیان ایک بڑا مین ہول طویل عرصے سے کھلا ہوا ہے، جو شہریوں کے لیے شدید خطرے کا باعث بنا ہوا ہے۔ مذکورہ سڑک کے اطراف فیکٹریاں واقع ہیں، جہاں سے روزانہ صبح و شام سینکڑوں افراد کی آمد و رفت رہتی ہے، مگر اس سنگین مسئلے پر گلشنِ اقبال ٹاؤن اور متعلقہ بلدیاتی ادارے مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل اسی سڑک کے سامنے ایک افسوسناک حادثہ پیش آ چکا ہے، جس میں ابراہیم نامی ایک کمسن بچہ کھلے مین ہول میں گر کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا، لیکن اس المناک واقعے کے باوجود متعلقہ حکام نے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عوام سے مکمل ٹیکس وصول کیے جاتے ہیں، مگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں حکومتی ادارے بری طرح ناکام نظر آتے ہیں۔ شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا حکومت اس حد تک بے حس ہو چکی ہے کہ انسانی جانوں کی بھی کوئی اہمیت نہیں رہی؟
ٹیم آزاد ریاست کراچی نے گلشنِ اقبال ٹاؤن، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور تمام متعلقہ بلدیاتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس خطرناک مین ہول کو فوری طور پر مکمل طور پر سیل کیا جائے اور عوام کو مزید جانی نقصان سے بچانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔
شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو کسی بھی وقت ایک اور بڑا سانحہ رونما ہو سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہو گی۔


