امریکی دھمکیاں نظرانداز، چین نے روسی تیل کی خریداری بڑھا دی
بیجنگ(ایچ آراین ڈبلیو)امریکی پابندیوں اور دھمکیوں کے باوجود چین نے روسی خام تیل کی خریداری میں اضافہ کر دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق روسی تیل کے دوسرے بڑے خریدار بھارت نے امریکی پابندیوں کے خدشے کے پیش نظر اپنی خریداری روک دی، جس کے بعد چین نے فوری فائدہ اٹھاتے ہوئے رعایتی قیمت پر مزید خام تیل درآمد کرنے کا فیصلہ کیا۔
خبر رائٹرز نے دی ہے کہ چین کی یہ حکمت عملی اس وقت سامنے آئی جب عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں اور سپلائی کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ چین کی جانب سے روسی تیل کی بڑھتی ہوئی خریداری سے دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات مضبوط ہو سکتے ہیں، جبکہ امریکہ اور یورپی ممالک کے لیے یہ ایک اہم تجارتی اور جیو پولیٹیکل چیلنج بھی ہے۔


