گل پلازہ آتشزدگی کے بعد تیسرے روز بھی ریسکیو آپریشن جاری، لاپتہ افراد کی تعداد 83 ہو گئی

کراچی(بولونیوز)کراچی کے علاقے میں واقع گل پلازہ میں آتشزدگی کے ہولناک واقعے کے بعد آج تیسرے روز بھی ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو اہلکار جلی ہوئی عمارت کے بیشتر حصوں میں داخل ہو چکے ہیں جہاں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے ساتھ ساتھ ملبہ ہٹانے کا کام بھی مسلسل جاری ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کے دفتر میں لاپتہ افراد کی فہرست آویزاں کر دی گئی ہے۔ مزید 12 افراد کے نام شامل ہونے کے بعد لاپتہ افراد کی مجموعی تعداد 83 ہو گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے رابطے اور معلومات کے تبادلے کا عمل جاری ہے۔

گل پلازہ میں پیش آنے والی ہولناک آتشزدگی کے نتیجے میں اب تک 26 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں سے 18 افراد کی شناخت کر لی گئی ہے، جبکہ باقی لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے سمیت دیگر قانونی مراحل مکمل کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب گل پلازہ میں آگ لگنے کے واقعے سے متعلق قائم تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں اب تک جمع کیے گئے شواہد اور ڈیٹا کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ آگ لگنے کی وجوہات اور ذمہ داران کا تعین کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد حتمی رپورٹ مرتب کی جائے گی اور غفلت یا خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *