ڈسٹرکٹ جیل پاکپتن میں انڈر ٹرائل قیدی جاں بحق
عارف والا(بولونیوز) ڈسٹرکٹ جیل پاکپتن میں ایک انڈر ٹرائل قیدی دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا۔ پولیس اور جیل ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے قیدی کی شناخت 62 سالہ محمد امین کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ محمد امین کے خلاف تھانہ سٹی عارف والا میں بوگس چیک کا مقدمہ درج تھا اور وہ اسی کیس میں انڈر ٹرائل قیدی کے طور پر ڈسٹرکٹ جیل پاکپتن میں قید تھا۔
جیل ذرائع کے مطابق قیدی کو اچانک طبیعت خراب ہونے پر تشویشناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے ملزم کا تعلق ضلع ملتان سے تھا۔ واقعے کے بعد قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے، جبکہ جیل انتظامیہ کی جانب سے مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔


