گل پلازا میں خوفناک آتشزدگی، تاجروں نے عمارت کے باہر اذانیں دیں
کراچی(بولونیوز) گل پلازا میں رات گئے بھڑکنے والی خوفناک آگ کے باعث تاجروں کو اربوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں موقع پر موجود رہیں اور مسلسل کارروائی جاری رکھی گئی، تاہم آگ پر قابو پانا مشکل ثابت ہوا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق جب آگ بجھنے کے آثار نظر نہ آئے اور عمارت میں گہری دراڑیں پڑنے لگیں تو گل پلازا کو خطرناک قرار دے دیا گیا۔ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر عمارت کے اطراف سیکیورٹی سخت کر دی گئی۔
آگ کی شدت اور بڑھتے ہوئے خوف کے عالم میں متاثرہ تاجروں نے گل پلازا کے باہر جمع ہو کر با آوازِ بلند اذانیں دینا شروع کر دیں۔ اذانوں کی گونج نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا، جہاں ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل خوف اور کرب میں مبتلا نظر آیا۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ اس آتشزدگی سے ان کا برسوں کا سرمایہ خاکستر ہو گیا ہے اور وہ شدید ذہنی اذیت سے دوچار ہیں، جبکہ حکام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ نقصان کا فوری ازالہ اور واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔


