گل پلازہ آتشزدگی کے بعد متعدد افراد تاحال لاپتہ، اہلِ خانہ شدید پریشانی میں مبتلا
کراچی(بولونیوز)شہر قائد کے مصروف علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی ہولناک آگ کے بعد متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں، جس کے باعث ان کے اہلِ خانہ شدید ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں۔ لاپتہ افراد کے رشتہ دار مختلف اسپتالوں کا رخ کیے ہوئے ہیں اور اپنے پیاروں کی تلاش میں در بدر پھر رہے ہیں۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ واقعے سے قبل رات تک ان کا لاپتہ ہونے والے افراد سے رابطہ تھا، تاہم اب ان کے موبائل فون بند ہیں جس سے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ایک بزرگ شہری نے میڈیا کو بتایا کہ گل پلازہ میں اس کے دو بیٹے اور ایک بھتیجا کام کرتے تھے، لیکن آگ لگنے کے بعد سے ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا۔
دوسری جانب سول اسپتال کراچی کے برن سینٹر کے باہر متاثرہ افراد کے اہلِ خانہ کی بڑی تعداد جمع ہے، جہاں ہر آن کسی ناخوشگوار خبر کا خوف لاحق ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کئی افراد اب بھی عمارت کے اندر پھنسے ہوئے ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی آگ پر تاحال مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں فائر فائٹر سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ آگ کے باعث عمارت کے تین حصے زمین بوس ہو گئے ہیں۔
ریسکیو آپریشن میں سندھ رینجرز، پاک بحریہ اور دیگر متعلقہ ادارے حصہ لے رہے ہیں، تاہم متاثرہ تاجروں اور شہریوں نے آگ پر قابو پانے میں تاخیر پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے فائر بریگیڈ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔


