پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، ملاوٹی کھویا تیار کرنے والا یونٹ سیل

لاہور(بولونیوز)عارف والا کے نواحی گاؤں 23 ای بی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے کھویا تیار کرنے والے ایک یونٹ کو ملاوٹ کا مرتکب پائے جانے پر بند کروا دیا۔ کارروائی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کی، جس کی تصدیق ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کی ہے۔

ترجمان کے مطابق کھویا تیار کرنے کے عمل میں ملاوٹ پائی گئی، جبکہ لیبارٹری جانچ کے دوران کھوئے میں فیٹ اور قدرتی غذائیت کی شدید کمی سامنے آئی۔ فوڈ اتھارٹی نے فوری طور پر یونٹ کی پروڈکشن بند کروا دی اور یونٹ کے مالک کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

ترجمان ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ ملاوٹی کھویا مٹھائی کی دکانوں اور بیکریوں کو سپلائی کیا جانا تھا، جس سے شہریوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی درخواست پر پولیس تھانہ رنگشاہ نے کھویا یونٹ کے مالک بشارت کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی اور ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت ایکشن لیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *