مذاکرات پر اپوزیشن رہنماؤں کے بیانات، اعتماد کی فضا اور ملاقاتوں پر زور

اسلام آباد / راولپنڈی(بولونیوز)بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وہ پہلے بھی ہمیشہ مذاکرات کی بات کرتے رہے ہیں، تاہم اب مذاکرات کا اختیار محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کے پاس ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر مذاکرات کرنے ہیں تو سب سے پہلے اعتماد کی فضا قائم کرنا ہوگی۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اعتماد سازی کے لیے ضروری ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ان کی فیملی اور پارٹی قیادت کی ملاقات کرائی جائے، جبکہ بشریٰ بی بی سے بھی ان کی فیملی کی ملاقات ممکن بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے ملاقات کا دن مقرر ہے اور امید ہے کہ اس مرتبہ ملاقات ضرور کرائی جائے گی۔

دوسری جانب راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے مذاکرات کے معاملے پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک جھوٹ کو چھپانے کے لیے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ حکومت اپوزیشن سے مذاکرات کر رہی ہے۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ کراچی میں عوامی ردِعمل سے واضح ہو گیا ہے کہ لوگ اس نظام سے بیزار ہیں اور اس کے خلاف کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اداروں کے اپنے اعداد و شمار اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ پاکستان تاریخ کی بدترین معاشی صورتحال سے دوچار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب اس نظام کی منصوبہ بندی ہے جس کے تحت ناحق لوگوں کو سزائیں دی جاتی ہیں اور پھر برسوں تک ان کی اپیلیں نہیں سنی جاتیں، جو کہ انصاف کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *