صدر میں پارکنگ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، مزید درجنوں مقدمات درج

کراچی(بولونیوز)شہر کے مصروف تجارتی علاقے صدر میں شہریوں کو لوٹنے والا پارکنگ مافیا بالآخر قانون کی گرفت میں آ گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر صدر حاظم بھنگوار نے غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے مزید 12 مقدمات درج کروا دیے۔

ذرائع کے مطابق صدر کے مختلف علاقوں بالخصوص ریگل چوک، عبداللہ ہارون روڈ اور اطراف میں پارکنگ مافیا کھلے عام شہریوں سے غیر قانونی فیس وصول کر رہا تھا، جبکہ مزاحمت کرنے پر بدسلوکی اور دھمکیوں کے واقعات بھی رپورٹ ہو رہے تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر صدر حاظم بھنگوار خود پریڈی تھانے پہنچے، جہاں ٹریفک پولیس کی مدعیت میں پارکنگ مافیا کے کارندوں کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جانب سے طویل عرصے سے شکایات موصول ہو رہی تھیں، تاہم مافیا کسی قانون کو خاطر میں نہیں لا رہا تھا۔

حاظم بھنگوار نے کہا کہ غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات نے صدر جیسے تاریخی اور تجارتی مرکز کو یرغمال بنا رکھا ہے، جس کے باعث شہری شدید اذیت کا شکار ہیں۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ
“شہریوں کو غیر قانونی طور پر لوٹنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی، تجاوزات اور پارکنگ مافیا ازخود اپنا قبلہ درست کر لے۔”

اسسٹنٹ کمشنر صدر کے مطابق کمشنر کراچی کے واضح احکامات ہیں کہ قانون شکنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اور صدر سمیت پورے شہر میں غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔

دوسری جانب شہری حلقوں نے انتظامیہ کی اس کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پارکنگ مافیا کے سرغنوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے تاکہ اس مسئلے کا مستقل حل ممکن ہو سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *