نارتھ ناظم آباد کے فتح پارک سے لاپتہ 4 سالہ بچے کا تاحال کوئی سراغ نہ مل سکا
کراچی(بولونیوز)نارتھ ناظم آباد میں قائم فتح پارک سے لاپتہ ہونے والے چار سالہ بچے انس کا تین روز گزرنے کے باوجود کوئی سراغ نہ مل سکا۔
پولیس نے بچے کے مبینہ اغواء کا مقدمہ تھانہ حیدری میں درج کر لیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چار سالہ انس 11 جنوری بروز اتوار اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ فیملی پارک آیا تھا۔
پولیس کے مطابق خاندان کا ایک فرد 12 سے 13 بچوں کو سیر کرانے کے لیے پارک لایا تھا، اسی دوران انس لاپتہ ہو گیا۔ لاپتہ بچہ اتحاد ٹاؤن کا رہائشی بتایا جا رہا ہے۔
پولیس نے پارک اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر لی ہے جبکہ بچے کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ تلاش کا عمل جاری ہے اور امید ہے کہ بچے کو جلد بازیاب کرا لیا جائے گا۔


