شدید دھند، پنجاب میں موٹرویز اور اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند
لاہور(بولونیوز)پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے پر موٹرویز اور اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔
موٹروے پولیس سینٹرل ریجن کے ترجمان کے مطابق عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مختلف موٹرویز پر ٹریفک کی روانی معطل کر دی گئی ہے۔ موٹروے ایم 2 لاہور تا کوٹ مومن شدید دھند کے باعث بند ہے، اسی طرح ایم 3 فیض پور تا درخانہ، ایم 4 پنڈی بھٹیاں تا ملتان، ایم 5 ملتان تا ظاہر پیر بھی بند ہیں۔ اس کے علاوہ موٹروے ایم 11 لاہور تا سمبڑیال اور لاہور ایسٹرن بائی پاس بھی دھند کی وجہ سے بند کیے گئے ہیں۔
موٹروے پولیس نے بتایا کہ لاہور، مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، کسوال اور اقبال نگر میں حدِ نگاہ شدید متاثر ہے، جبکہ میاں چنوں، خانیوال، ملتان، لودھراں اور بہاولپور میں بھی حدِ نگاہ بعض مقامات پر 0 سے 100 میٹر تک محدود ہو گئی ہے، جو انتہائی خطرناک ہے۔
ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی کہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی یا تیز رفتاری جان لیوا حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ سفر کے لیے صبح 10 بجے سے شام 6 بجے کے درمیان سفر کو ترجیح دی جائے، فوگ لائٹس کا استعمال کریں، آگے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں اور رفتار کم رکھیں۔
شہری کسی بھی مدد یا رہنمائی کے لیے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔


