پانچ سال میں جعلی وکلا کے خلاف 507 مقدمات درج، بار نے کارروائی تیز کرنے کا مطالبہ کر دیا

لاہور(بولونیوز)پنجاب میں گزشتہ پانچ سالوں کے دوران جعلی اور مس کنڈکٹ کے مرتکب وکلا کے خلاف مجموعی طور پر 507 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ پنجاب بار کونسل کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق، پانچ سال میں 5,729 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 5,066 درخواستوں کے فیصلے کیے گئے۔

پنجاب بار کونسل نے 507 جعلی وکلا کے لائسنس معطل کر کے مقدمات درج کرائے جبکہ 138 وکلا کے خلاف کیس لائسنس منسوخی کے لیے لاہور ہائیکورٹ ٹریبونل کو بھیج دیے گئے۔

چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل ذبیح اللہ ناگرہ کا کہنا ہے کہ وکالت کے شعبے کو بدنام کرنے والے عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری ہے۔ سابق سیکرٹری سپریم کورٹ آفتاب باجوہ نے کہا کہ ایسے کیسز کی روزانہ سماعت کی جائے تاکہ جلد فیصلے کیے جا سکیں۔

قانونی ماہر عابد چیمہ نے مطالبہ کیا کہ جعلی وکلا کے خلاف ٹرائل جلد مکمل کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ وکلا کا مزید کہنا ہے کہ جعلی وکلا کی روک تھام کے لیے وکالت نامہ کو ڈیجیٹل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں پکڑنا آسان ہو سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *