سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 11 دہشت گرد ہلاک
خیبرپختونخوا(بولونیوز)سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 8 جنوری 2026 کو شمالی وزیرستان ضلع میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
اسی روز ضلع کرم میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں مزید 5 خوارج کو مؤثر طور پر ہلاک کر دیا گیا۔
ہلاک ہونے والے بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے تھے۔
سیکیورٹی فورسز کے مطابق علاقوں میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہیں تاکہ کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرست خوارج کا خاتمہ کیا جا سکے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت شروع کیے گئے وژن “عزمِ استحکام” کے مطابق غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بلا تعطل کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔


