سابق صحافی اسلم شاہ کی ضمانت نہ ہو سکی، سماعت پیر تک ملتوی

کراچی(بولونیوز)پریس کلب کے سابق کونسل ممبر اور سینئر تحقیقاتی صحافی اسلم شاہ کی ضمانت آج ہفتے کو نہیں ہو سکی، جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ ساؤتھ نے سماعت پیر تک کے لیے ملتوی کر دی۔

اسلم شاہ کے وکیل اور چیئرمین انٹرنیشنل لائر فورم ناصر احمد نے بتایا کہ ایف آئی اے کے آئی او اور وکیل استغاثہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور نہ ہی رپورٹ جمع کروائی گئی، جس کی وجہ سے عدالت نے درخواست ضمانت کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی اور آئی او کو نوٹس جاری کر دیا۔

اسلم شاہ کے خلاف واٹر بورڈ کے ایک افسر نے خبر دینے پر سائبر کرائم کے تحت مقدمہ درج کروایا تھا، جس میں وہ گرفتار ہیں اور عدالتی ریمانڈ پر جیل میں موجود ہیں۔

کے یو جے کے جنرل سیکرٹری لیاقت کشمیری نے آئی او کے عدالت میں پیش نہ ہونے اور رپورٹ جمع نہ کرنے پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے تاخیری حربہ قرار دیا۔

لیاقت کشمیری نے بتایا کہ صدر طاہر حسن خان، مظہر عباس، جاوید اصغر چوہدری، رفعت سعید اور عظمت خان سمیت دیگر افراد قانونی، عدالتی اور جیل میں سہولیات فراہم کرنے میں اسلم شاہ کی بھرپور مدد کر رہے ہیں۔

ان کے مطابق، اسلم شاہ کو لانڈھی جیل کے اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں تمام ضروری سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اور اسپتال کا عملہ ان کا خیال رکھ رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *