امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ: دنیا میں جہاں چاہوں فوجی کارروائی کر سکتا ہوں
واشنگٹن(بولونیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بطور کمانڈر انچیف ہر ملک میں فوجی کارروائی کا اختیار ان کے پاس ہے اور وہ دنیا میں جہاں چاہیں حملے کا حکم دے سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی قوانین کی بھی انہیں کوئی پروا نہیں، اور واحد چیز جو انہیں روک سکتی ہے وہ ان کا اپنا دماغ ہے۔
ٹرمپ نے وینزویلا کے معاملات کے حوالے سے بھی موقف اپناتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے تیل کے ذخائر پر قابض ہونے اور وینزویلا کے معاملات چلانے کے عزم پر قائم ہیں۔ امریکی صدر نے بتایا کہ وینزویلا میں سرمایہ کاری کے حوالے سے معاملات بہتر انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور آئل کمپنیوں کی جانب سے 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ آئل کمپنیز کے مالکان سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے تاکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کو حتمی شکل دی جا سکے۔
اسی دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو بھی وارننگ دی کہ مظاہرین کے خلاف کارروائی پر امریکی حکومت کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کے حالیہ بیانات سے خطے میں سیاسی اور فوجی حساسیت مزید بڑھ سکتی ہے، اور عالمی سطح پر ان کے جارحانہ موقف کے اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔


