یونیورسٹی آف لاہور میں طالبہ کی مبینہ خودکشی، آخری کال 27 منٹ تک جاری رہی

لاہور(بولونیوز)یونیورسٹی آف لاہور میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں 21 سالہ طالبہ فاطمہ نے تیسری منزل سے چھلانگ لگا کر جان دے دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعے سے قبل فاطمہ نے اپنی آخری فون کال اپنے آبائی علاقے نارنگ منڈی کے رہائشی احمد بلال کو کی تھی، جو 27 منٹ تک جاری رہی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فون کال کے چند منٹس بعد فاطمہ نے یونیورسٹی کی عمارت سے چھلانگ لگا دی۔ ابتدائی تفتیش کے دوران احمد بلال نے بیان دیا ہے کہ دونوں کے درمیان گزشتہ دو برس سے رابطہ تھا اور وہ شادی کرنا چاہتے تھے، تاہم دونوں خاندانوں کی جانب سے اس رشتے سے انکار کر دیا گیا تھا۔ مبینہ طور پر اسی دلبرداشتگی کے باعث فاطمہ نے انتہائی قدم اٹھایا۔

پولیس کے مطابق احمد بلال کے والد ریٹائرڈ سرکاری ملازم ہیں، جبکہ احمد بلال کو تفتیش کی غرض سے حراست میں لے لیا گیا ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس اور یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی مزید تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں، جبکہ طالبہ کی موت نے تعلیمی حلقوں اور طلبہ میں گہرے دکھ اور تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *