لاہور ہائیکورٹ کا نہر کے کنارے درختوں کی کٹائی پر شدید برہمی کا اظہار
لاہور(بولونیوز)ہائیکورٹ نے نہر کے کنارے درختوں کی کٹائی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ سموگ کے تدارک سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران عدالت نے ڈاکٹرز ہسپتال کے قریب نہر کے کنارے درخت کاٹے جانے کے معاملے کا نوٹس لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون سمیت دیگر درخواستوں پر سماعت کی۔ اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ڈاکٹرز ہسپتال کے سامنے نہر کے کنارے درختوں کی کٹائی کی گئی ہے۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ عدالت متعدد بار درختوں کی کٹائی سے روکنے کے احکامات جاری کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر درختوں کی کٹائی جاری رہی تو متعلقہ ایس ایچ او کو طلب کر کے مقدمہ درج کروایا جائے گا۔ عدالت نے اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے سوموار کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
دورانِ سماعت جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ پارکس کو ریسٹورنٹس کے لیے استعمال کرنے سے متعلق بھی کئی بار ہدایات دی جا چکی ہیں اور پی ایچ اے کو پارکس کے بارے میں واضح پالیسی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ عدالت نے ناصر باغ سے متعلق رپورٹ پر بھی استفسار کیا، جس پر وکیل اظہر صدیق نے بتایا کہ ناصر باغ میں پارکنگ پلازہ کی آئینی حیثیت کو چیلنج کر دیا گیا ہے۔


