مائی کلاچی روڈ پر مین ہول سے برآمد 4 لاشوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹس سامنے آ گئیں
کراچی(بولونیوز) مائی کلاچی پھاٹک کے قریب مین ہول سے چار افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے میں پولیس نے ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹس مکمل کر لی ہیں، جن میں تشدد کے سنگین شواہد سامنے آئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق چاروں لاشوں پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں جبکہ جسموں پر بھاری اشیاء کے لگنے کے آثار بھی پائے گئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں ایک بزرگ خاتون بھی شامل ہے، تاہم تاحال چاروں کی شناخت نہیں ہو سکی۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ لاشوں کو چھپانے کے لیے خشک مین ہول کا استعمال کیا گیا۔ پولیس کے مطابق لاشوں کو مین ہول میں رکھنے کے بعد ان پر کمبل ڈالے گئے اور کمبل کے اوپر بڑے پتھر رکھے گئے تاکہ لاشیں نظروں سے اوجھل رہیں۔
پولیس نے واقعے کو قتل کا سنگین واقعہ قرار دیتے ہوئے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے، جبکہ لاشوں کی شناخت کے لیے نادرا اور دیگر ذرائع سے مدد حاصل کی جا رہی ہے۔


