نئے سال کی خوشیوں پرہوائی فائرنگ،20 افراد زخمی، خواتین اور بچے بھی نشانہ بن گئے

کراچی(بولونیوز)شہرِ قائد میں نئے سال کی آمد ہوائی فائرنگ اور آتشبازی نے خوشیوں کو غم میں بدل دیا۔ مختلف علاقوں میں پیش آنے والے واقعات میں کم از کم 20 افراد زخمی ہو گئے، جن میں خواتین، بچے اور نوجوان بھی شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق چنیسر گوٹھ، گولیمار، نیو سبزی منڈی، کورنگی، بڑا بورڈ، اعظم بستی، صفورا، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، لی مارکیٹ، قیوم آباد، گلبرگ، محمود آباد، گلزارِ ہجری، لیاری اور لائنز ایریا سمیت شہر کے مختلف حصوں سے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔
زخمیوں میں 11 سالہ مہ جبین، 8 سالہ فریحہ اور 16 سالہ شام کمار سمیت کئی کم عمر بچے شامل ہیں، جبکہ متعدد خواتین بھی ان واقعات کا شکار ہوئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زیادہ تر افراد ہوائی فائرنگ یا آتشبازی کے سبب زخمی ہوئے۔
پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے ہوائی فائرنگ سے باز رہنے کی اپیل کے باوجود شہریوں کی لاپرواہی ایک بار پھر قیمتی انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن گئی۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ہوائی فائرنگ اور آتشبازی میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعات کی تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *