سوئٹزرلینڈ کے سیاحتی مقام پر نیو ایئر نائٹ کے دوران دھماکا،10 افراد ہلاک، متعدد زخمی
سوئٹزرلینڈ(بولونیوز)سیاحتی مقام کرانس مونٹانا کے ایک لگژری ریزورٹ کے بار میں نیو ایئر نائٹ کے موقع پر ہونے والے زور دار دھماکے میں کم از کم 10 افراد ہلاک جبکہ 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکا ریزورٹ “اِسکی” کے بار ایریا میں ہوا جس سے پورا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ دھماکے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
سوئس پولیس نے ابتدائی طور پر ہلاکتوں اور زخمیوں کی درست تعداد ظاہر کرنے سے گریز کیا اور یہ بھی بتایا کہ اب تک دھماکے کی وجہ واضح نہیں ہو سکی۔ تاہم بعد ازاں میڈیا رپورٹس میں تصدیق کی گئی کہ واقعے میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 10 زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے بار کے ملبے سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔


