پنجاب پولیس کے لیے 20 آرمرڈ سکیورٹی گاڑیوں کی خریداری کی منظوری
لاہور(بولونیوز)پنجاب حکومت نے فسادات، احتجاج اور دہشت گردانہ حملوں سے نمٹنے کے لیے پنجاب پولیس کے لیے 20 محافظ وی آرمرڈ سکیورٹی گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دے دی ہے۔
پنجاب کابینہ کے فیصلے کے مطابق یہ 20 آرمرڈ وہیکلز 1 ارب 20 کروڑ 36 لاکھ روپے کی لاگت سے خریدی جائیں گی۔ سیکرٹری داخلہ احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ ایک آرمرڈ گاڑی کی قیمت 6 کروڑ 1 لاکھ 80 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
احمد جاوید قاضی نے کہا کہ آرمرڈ گاڑیوں کی کمی کی وجہ سے پولیس کی فوری اور مؤثر کارروائی متاثر ہوتی ہے، جس سے نہ صرف پولیس اہلکاروں بلکہ عام شہریوں کی جانوں کو بھی خطرہ لاحق رہتا ہے۔
پنجاب حکومت کے مطابق ان گاڑیوں کی خریداری سے پولیس کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور ہائی رسک صورتحال میں اہلکار اور شہری محفوظ رہ سکیں گے۔ وزیر مملکت مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ شہروں میں فوری رسپانس کے لیے آرمرڈ سکیورٹی وہیکلز تعینات کیے جائیں۔
یہ اقدام صوبے میں امن و امان قائم رکھنے اور پولیس کی فوری کارروائی کی استعداد بڑھانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔


