سگریٹ انڈسٹری کا نیٹ ورک بے نقاب، قومی خزانے کو اربوں کے نقصان سے بچا لیا گیا

کراچی(بولونیوز)کسٹمز حکام نے سگریٹ انڈسٹری سے جڑے طاقتور نیٹ ورک کو بے نقاب کر کے قومی خزانے کو اربوں روپے کے نقصان سے بچا لیا ہے۔

کسٹم کلیکٹر سعید وٹو کے مطابق فلٹر ٹو، جو سگریٹ کے فلٹر بنانے میں استعمال ہونے والا انتہائی مہنگا خام مال ہے، پر بھاری ٹیکس کے باعث مافیا نے سمگلنگ کا راستہ اختیار کر لیا تھا۔ گودام میں چھپائے گئے 100 ٹن فلٹر ٹو کی مارکیٹ ویلیو 6 ارب روپے سے زائد ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی درآمد، ٹیکس چوری اور ذخیرہ اندوزی کے اس سنگین انکشاف سے واضح ہوا کہ فلٹر ٹو کی سمگلنگ سے سگریٹ مافیا کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچ رہا تھا۔ فلٹر ٹو انتہائی حساس اور کنٹرولڈ آئٹم ہے۔

کسٹمز کلیکٹر نے مزید بتایا کہ کسٹمز انٹیلی جنس کی بروقت کارروائی نے سمگلنگ چین توڑ دی ہے۔ 100 ٹن فلٹر ٹو کہاں سے آیا، اس کو ذخیرہ کرنے میں کس کی سرپرستی حاصل تھی، اس کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

یہ کارروائی کسٹمز کے موثر اقدامات اور قومی وسائل کے تحفظ کی شاندار مثال قرار دی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *