سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی کارروائی،60 سے زائد افسران کو شوکاز نوٹس جاری

کراچی(بولونیوز)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ضلع جنوبی میں تعینات 60 سے زائد افسران کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق SBCA کی ویجیلنس رپورٹ پر انکوائری کا آغاز کیا گیا، جس میں ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور بلڈنگ انسپکٹرز کو نوٹس بھیجے گئے۔ ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں جیسے لیاری، صدر، کلفٹن، سول لائنز، گارڈن ویسٹ کوارٹرز، گلشنِ فیصل، آرام باغ کوارٹرز، ہنگورآباد، بہار کالونی اور نوآباد میں غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افسران سے 7 دن کے اندر وضاحت طلب کی گئی ہے اور جواب نہ دینے کی صورت میں ان کے خلاف معطلی یا برطرفی کا امکان ہے۔ ایس بی سی اے نے غیر قانونی تعمیر شدہ 38 عمارات کو عوامی جانوں کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ قصوروار افسران کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔

نوٹس حاصل کرنے والے افسران میں 12 ڈپٹی ڈائریکٹرز، 19 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، 29 بلڈنگ انسپکٹرز، انجینئرز اور آرکیٹیکٹس شامل ہیں۔ ان افسران کی نگرانی میں غیر قانونی رہائشی، کمرشل اور مخلوط استعمال کی عمارتیں تعمیر کی گئی تھیں، جن میں جعلی نقشے، غیر قانونی دکانیں، گراؤنڈ پلس کثیر المنزلہ عمارتیں، اور بغیر کمپلیشن یا سیفٹی کلیئرنس کے آباد شدہ عمارات شامل ہیں۔

ایس بی سی اے کے مطابق ان عمارتوں میں فائر سیفٹی انتظامات، منظور شدہ اسٹرکچرل ڈیزائن، پارکنگ سہولیات اور ایمرجنسی رسائی موجود نہیں، جس سے عوام کی جان و مال کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

یہ کارروائی غیر قانونی تعمیرات روکنے میں ناکامی پر محکمانہ طور پر کی گئی ہے اور آئندہ بھی بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *