سالِ نو کے موقع پر قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، ہوائی فائرنگ ہرگز نہ کریں

کراچی(بولونیوز)ڈی آئی جی پی ویسٹ زون عرفان علی بلوچ نے سالِ نو کے موقع پر ویسٹ زون کے عوام کے نام خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے شہریوں سے قانون کی مکمل پاسداری کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال کی خوشیوں کو محفوظ بنانے کے لیے لازم ہے کہ شہری ہوائی فائرنگ، آتش بازی، بغیر سائلنسر موٹر سائیکل چلانے اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں سے مکمل گریز کریں۔

ڈی آئی جی ویسٹ نے کہا کہ “کوئی بھی شخص قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں پائے گا۔” انہوں نے خبردار کیا کہ ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کیونکہ یہ عمل نہ صرف جرم ہے بلکہ قیمتی انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ کے باعث خوشیوں بھرا لمحہ چند سیکنڈز میں المیے میں بدل سکتا ہے، اس لیے ہر شہری کو قانون پر عمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

ڈی آئی جی عرفان علی بلوچ کے مطابق ویسٹ زون میں حساس مقامات، تفریحی مقامات، ہوٹلز، پارکس اور عبادت گاہوں پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات پر اضافی پولیس تعینات کر دی گئی ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا قانون شکنی کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ویسٹ اور ڈسٹرکٹ سینٹرل میں کنٹرول رومز اور ہیلپ لائنز کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو بروقت مدد فراہم کی جاسکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *