سندھ کابینہ کی منظوری، ملیر، چنیسر اور لیاری کےاسکولوں کی مینجمنٹ ٹی سی ایف کے سپرد

کراچی(بولونیوز)سندھ کابینہ نے صوبے کے ملیر، چنیسر اور لیاری کے منتخب میونسپل اسکولوں کی مینجمنٹ کے لیے ٹیچرز کالج فاؤنڈیشن (ٹی سی ایف) کے ساتھ معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔

کابینہ کے فیصلے کے مطابق 21 میونسپل اسکولوں میں مفت معیاری تعلیم، یونیفارم اور تعلیمی سامان فراہم کیا جائے گا۔ اسکولوں کی تعمیر، مرمت اور انتظامی امور کی ذمہ داری ٹی سی ایف پر ہوگی، جبکہ میونسپل کارپوریشنز زمین اور عمارتیں مفت فراہم کریں گی۔

معاہدہ 25 سال کے لیے طے پایا ہے اور بعد میں باہمی رضا مندی سے توسیع ممکن ہو سکے گی۔ کابینہ کی منظوری کے بعد اسکولوں کی فوری تعمیر و بحالی اور فعال کاری ممکن ہوگی۔ یہ منظوری محکمہ بلدیات کی سفارش پر دی گئی۔

اسی اجلاس میں سندھ کابینہ نے سندھ لینڈ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کو بند کرنے کی بھی منظوری دے دی۔ کمپنی سنہ 2010ء میں بورڈ آف ریونیو کے تحت قائم کی گئی تھی اور زمین کی ترقیاتی منصوبہ بندی، شہری، رہائشی، تجارتی اور صنعتی پلاٹس کی منصوبہ بندی پر کام کرتی تھی۔ تاہم ذوالفقار آباد سٹی کو ڈویلپمنٹ اتھارٹی بنانے اور لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کے بعد کمپنی کا کردار ختم ہو گیا، جس کے بعد اسے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *