عمران خان نے تین سالہ دور میں پاکستان کو خوددار، باوقار اور مضبوط ریاست بنایا، فہیم خان

کراچی(بولونیوز) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے سینیئر نائب صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی فہیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے ساڑھے تین سالہ دورِ حکومت میں وہ تاریخی کارنامے انجام دیے جو پاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں مثال نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نہ صرف ملکی خودمختاری کا بھرپور دفاع کیا بلکہ عالمی طاقتوں کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان اب کسی کے دباؤ میں نہیں آئے گا۔

فہیم خان نے کہا کہ بھارت کو منہ توڑ جواب دینا، دشمن کے جنگی جہاز گرا کر پائلٹ کو گرفتار کرنا، ڈرون حملوں کا مکمل خاتمہ، مودی کو دنیا کے سامنے فاش کرنا اور کلبھوشن کو دہشتگردی کی علامت کے طور پر پیش کرنا عمران خان کی جرات مندانہ قیادت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خارجہ محاذ پر امریکہ، چین، روس، سعودی عرب اور ایران کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات قائم کیے گئے اور افغانستان جنگ کے پرامن خاتمے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں معیشت نے واضح بہتری دکھائی، برآمدات 21 ارب ڈالر سے بڑھ کر 38 ارب ڈالر تک پہنچیں، ٹیکس وصولی 6000 ارب روپے تک گئی، زرمبادلہ کے ذخائر 31 ارب ڈالر تک بڑھے اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے اوورسیز پاکستانیوں نے ریکارڈ سرمایہ کاری کی۔ ریکوڈک جرمانے کو تاریخی کامیابی کے ساتھ سرمایہ کاری میں بدلا گیا جبکہ سی پیک میں شفافیت لانے کے لیے اتھارٹی قائم کی گئی۔

فہیم خان نے کہا کہ عمران خان نے عام آدمی کو حقیقی ریلیف دیا، پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں تاریخی کمی کی، احساس پروگرام، احساس راشن، کامیاب نوجوان اسکیم اور ہیلتھ کارڈ جیسے انقلابی منصوبے متعارف کروائے جن سے کروڑوں خاندان مستفید ہوئے۔ صحت کارڈ کے ذریعے غریب ترین شہریوں کو مہنگے نجی اسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت دی گئی، جو ریاستِ مدینہ کے تصور کی عملی مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسان دوست پالیسیوں سے زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا، کسانوں کو ان کی فصلوں کا پورا معاوضہ ملا اور برسوں بعد کسان خوشحال ہوا۔ تعمیراتی پیکجز سے لاکھوں نوکریاں پیدا ہوئیں، کورونا کے باوجود معیشت کا پہیہ چلتا رہا اور عالمی اداروں نے پاکستان کے ماڈل کو سراہا۔

فہیم خان نے کہا کہ بلین ٹری سونامی، دس نئے ڈیمز، دو نئی نہروں، سیاحت کے فروغ، سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ڈسکور پاکستان چینل اور ماحولیاتی اقدامات نے پاکستان کو عالمی سطح پر ممتاز کیا۔ یکساں نصابِ تعلیم، رحمت العالمین اتھارٹی، القادر یونیورسٹی اور اسلامی اقدار کے فروغ نے نئی نسل کی درست سمت میں تربیت کی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان واحد وزیراعظم تھے جن پر ساڑھے تین سال میں ایک بھی کرپشن کیس ثابت نہ ہو سکا۔ انہوں نے شاہانہ طرزِ حکمرانی کو مسترد کیا، سادگی اپنائی، قومی وسائل کی حفاظت کی اور قوم کو خودی، شعور اور غیرت کا پیغام دیا۔ فہیم خان نے کہا کہ آج قوم کو عمران خان کی قیادت پہلے سے زیادہ درکار ہے اور عوام امپورٹڈ، نااہل اور کرپٹ حکومت سے نجات کے لیے متحد ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا فارم 47 کی جعلی حکومتوں نے ملکی معشیت کو تباہ کر دیا ہر طرف تباہی کے منظر نظر آرہے ہیں، ایک عظیم لیڈر کو جھوٹے کیسز میں دو سال سے زائد عرصے سے قید کیا ہوا ہے انہوں نے کہا عمران خان کے حکم پر ملک بھر کی طرح سندھ بھرمیں اسٹریٹ موومنٹ شروع ہوچکی ہے انشاء اللہ سندھ بھر کی عوام عمران خان کی رہائی، آئین و قانون کی بالادستی ، مہنگائی کے خاتمے کے لئے سڑکوں پر نکلے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *