کسٹمز انفورسمنٹ گڈانی نے 109.5 کلو چرس برآمد کرلی، مالیت 27 کروڑ روپے سے زائد
گڈانی(بولونیوز)کسٹمز انفورسمنٹ گڈانی نے ایک شاندار کارروائی کے دوران ستایئس کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 109.5 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔
چیف کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ اسلام آباد کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق، کسٹمز انفورسمنٹ گڈانی کی چیک پوسٹ خورخیرہ کے عملے نے ہینو ٹرک (رجسٹریشن نمبر SEA-312، ژوب–کوئٹہ) کو روکا۔ گاڑی کی مکمل تلاشی کے دوران خفیہ خانوں سے 109.5 کلو گرام حشیش برآمد ہوئی۔ برآمد شدہ منشیات کی بین الاقوامی مالیت کا تخمینہ 27 کروڑ 30 لاکھ روپے لگایا گیا ہے، جبکہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی کی مالیت ڈیڑھ کروڑ روپے ہے۔
منشیات اور گاڑی دونوں تحویل میں لے لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔ ایف بی آر نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف بھرپور کارروائی اور معاشرے کو اس لعنت سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔


