پی آئی اے کی نجکاری کے لیے بولی آج اسلام آباد میں ہوگی
اسلام آباد(بولونیوز)قومی ایئر لائن پی آئی اے کی نجکاری کے سلسلے میں بولی کا مرحلہ آج اسلام آباد میں مکمل کیا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے نجکاری کی دوسری کوشش کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق پری کوالیفائیڈ گروپس آج صبح 10 بجکر 45 منٹ سے 11 بجکر 15 منٹ تک اپنی بند بولیاں جمع کروائیں گے، جبکہ سیل بند بڈز کو میڈیا کی موجودگی میں آج سہ پہر ساڑھے 3 بجے کھولا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اگر جمع کرائی گئی بولیاں ریزرو پرائس سے زائد ہوئیں تو اس کے بعد کھلی نیلامی کا مرحلہ ہوگا، تاہم ریزرو پرائس سے کم بولی کی صورت میں سب سے زیادہ بولی دینے والے گروپ کو قیمت میچ کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
حکام نے بتایا کہ حکومت پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز فروخت کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جبکہ کامیاب بولی دہندہ کو باقی 25 فیصد حصص خریدنے کے لیے 90 دن کی مہلت دی جائے گی۔
نجکاری کا یہ عمل پی آئی اے کی مالی بحالی اور ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کی حکومتی حکمتِ عملی کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔


