ایس آئی یو کی کارروائی، بین الصوبائی ڈکیت گروہ گرفتار، 1 کروڑ روپے نقد اور 608 گرام سونا برآمد

کراچی(بولونیوز) اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (SIU) کی تکنیکی اور تفتیشی مہارت کی بنیاد پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے سونے اور نقدی کی لوٹ مار میں ملوث 7 رکنی بین الصوبائی ڈکیت گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایس ایس پی ایس آئی یو کے مطابق یہ گروہ پاکستان بھر میں وارداتیں کرتا تھا، اور خاص طور پر کراچی، لاہور اور حیدرآباد میں جیولرز کو نشانہ بناتا تھا۔ گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور ان پر ڈکیتی، موبائل فون چھیننے اور پولیس پر فائرنگ جیسے متعدد مقدمات درج ہیں۔

گرفتار ملزمان کے قبضے سے درج ذیل اشیاء برآمد کی گئی ہیں:

نقد رقم: 1 کروڑ روپے

طلائی زیورات: 608 گرام (مالیت 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد)

پانچ 9 ایم ایم پستول

ایک گاڑی (آلٹو)

تفصیلات کے مطابق گروہ نے گلبرگ سے 2950 گرام سونا اور لیاقت آباد سے ڈیڑھ کروڑ روپے نقد چھینے تھے۔ ایس آئی یو کو تفتیش منتقل ہونے کے بعد دونوں کیسز کو ٹریس کیا گیا اور گروہ کے خلاف کارروائی کی گئی۔

گروہ کا سرغنہ عامر گزشتہ روز پولیس مقابلے میں ہلاک ہوا، جبکہ عمران، عرفان اور سلیم زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔ دیگر ملزمان بلال، عرفان، کنزہ اور برخہ بلا ضرب گرفتار ہوئے۔

ایس ایس پی ایس آئی یو نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے اور تمام مقدمات کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ دیگر مطلوبہ افراد اور لوٹی گئی رقم و زیورات برآمد کیے جا سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *