گھر میں گیس لیکج سے دھماکا، 5 افراد جھلس کر زخمی، خواتین بھی شامل
راولپنڈی(بولونیوز)راولپنڈی کے علاقے اڈیالہ روڈ، گلشن آباد میں گھر کے اندر گیس لیکج کے باعث سلنڈر دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد بری طرح جھلس کر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق گھر میں گیس جمع ہونے کے بعد جیسے ہی چولہا جلایا گیا تو دھماکا ہو گیا، جس نے پورے کمرے کو لپیٹ میں لے لیا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی اور قریبی مکین گھروں سے باہر نکل آئے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ دھماکے کے باعث گھر کے کمروں اور کھڑکیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سرد موسم میں گھروں میں گیس لیکج کے واقعات بڑھ جاتے ہیں، شہری احتیاطی تدابیر اپنائیں اور گھر سے نکلتے یا سوتے وقت گیس کے تمام ذرائع اچھی طرح بند کرنا یقینی بنائیں۔


