سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، 4 دہشتگرد ہلاک، 4 جوان شہید، 15 شہری زخمی

راولپنڈی(بولونیوز)شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر دہشتگردوں نے حملہ کیا جسے فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے۔

فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں کے حملے میں 4 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ واقعے کے دوران خواتین اور بچوں سمیت 15 شہری زخمی بھی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ مزید خطرے کو روکا جا سکے۔

فوجی حکام نے واضح کیا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملک دشمن عناصر کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *