سنی تحریک کے گرفتار ٹارگٹ کلر نے متعدد قتل کرنے کا اعتراف کر لیا
کراچی(بولونیوز)سنی تحریک قادری ہاؤس سے گرفتار ہونے والے ایک شخص نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے ایک درجن سے زائد قتل کیے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے ایم کیو ایم کے کارکنان کے قتل میں جواد واجا اور شعیب لالا کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف کیا۔
تفصیلات کے مطابق، ایم کیو ایم کے یونٹ 56، صدیق لالا اور یونٹ 56 پی آئی بی سیکٹر کے کارکن ندیم عباسی، سابقہ یونٹ انچارج مجاہد اعظم اور جہانگیر روڈ پر رہنے والے دو بھائی شرافت اور مبارک کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
اس کے علاوہ گارڈن ایسٹ میں دائی مسجد کے امام مولانا ارشاد اللہ عباسی کو بھی قتل کیا گیا۔ مزید تفتیش میں سامنے آیا کہ یو سی 15 کی حدود میں بائیک پارٹس والے سراج نامی شخص کو بھتہ نہ دینے پر قتل کیا گیا، جس میں خالد جلسہ، جواد واجا اور شعیب شامل تھے۔
گرفتار ٹارگٹ کلر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ سراج، یو سی 13 کے سابق جوائنٹ انچارج کاشان کے والد تھے۔
ملزم نے پی آئی بی، جہانگیر روڈ ٹاؤن کے کئی کارکنان اور دیگر افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے اور پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔


