ڈپٹی کمشنر آصف رضا کا جائیداد تنازعات کے فوری حل پر زور
پاکپتن(بولونیوز)ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے کہا ہے کہ پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف ایموویبل پراپرٹی آرڈیننس 2025 کے تحت جائیداد کے تنازعات کا تیز، مؤثر اور منصفانہ حل حکومت پنجاب کی واضح پالیسی اور ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شہریوں کے حقوقِ ملکیت کے تحفظ، قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی اور قانونی تقاضوں کے مطابق بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کے اجلاس روزانہ کی بنیاد پر منعقد کیے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر آصف رضا کی زیر صدارت اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ڈاکٹر ثمن عباس، ایس پی انوسٹی گیشن غلام عباس، اسسٹنٹ کمشنر فیصل عمران، ڈپٹی ڈائریکٹر اٹارنی نوازش علی، ڈی ایس پی محمد اکبر اور متعلقہ ریونیو افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں مجموعی طور پر 16 جائیداد تنازعات کے کیسز کی سماعت کی گئی، جن میں سے 10 کیسز کے فوری فیصلے صادر کیے گئے جبکہ 6 کیسز میں محکمہ ریونیو کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے اور فریقین کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
اجلاس کے دوران موضع بکھا ہانس کے مبارک علی بنام صابر علی کے کیس میں 70 سال بعد 5 کنال، 11 ایچ ای کے محمد اشرف بنام غلام محمد کے کیس میں 15 سال بعد 45 کنال، موضع محمود پور کے زینب بی بی بنام اسحاق کے کیس میں 13 سال بعد 32 کنال اور 54 ایس پی کے لیاقت علی بنام حبیب کے کیس میں 3 سال بعد 59 کنال زرعی اراضی اصل مالکان کو فوری دلوانے کے احکامات جاری کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام زیر التواء کیسز قانون و میرٹ کے مطابق جلد نمٹائے جائیں اور عوام کو بروقت اور شفاف انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
درخواست گزاروں نے انصاف کی بروقت فراہمی اور حق ملکیت دلوانے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے دعائیں کیں۔


