پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان کی بہنوں کے ساتھ ناروا سلوک کے خلاف بھرپور احتجاج

کراچی(بولونیوز)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کراچی ڈویژن کی جانب سے اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان کی بہنوں کے ساتھ ہونے والے ظلم اور جبر کے خلاف کراچی کے ساتوں اضلاع میں پُرامن احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ ان مظاہروں میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے قائد عمران خان اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور سیاسی انتقام کی تمام کارروائیاں بند کی جائیں۔

مظاہروں میں پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر راجہ اظہر، سینیئر نائب صدر فہیم خان، انفارمیشن سیکریٹری فوزیہ صدیقی سمیت دیگر ڈویزنل و ضلعی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ عمران خان اور ان کی بہنوں کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک نہ صرف غیر انسانی ہے بلکہ آئین پاکستان اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے۔

کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کے دوران پولیس نے 12 سے زائد پی ٹی آئی کارکنوں کو حراست میں لیا، تاہم پارٹی کے وکلاء کی مداخلت پر تمام کارکنوں کو مختلف تھانوں سے رہا کروا لیا گیا۔ پارٹی رہنماؤں نے کارکنوں کی گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی۔

پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجہ اظہر نے کہا کہ سندھ پولیس پُرامن احتجاج روکنے کے لیے فسطائیت پر اتر آئی ہے، اور قانون کا یہ دوہرا معیار ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اور ان کی فیملی کے ساتھ ظلم کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اور جیل میں قیدِ تنہائی میں رکھنا آئین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

راجہ اظہر نے کہا کہ عمران خان نے عالمِ اسلام کا جرات مندانہ دفاع کیا ہے، اور جھوٹے مقدمات کے ذریعے انہیں دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن ان کے حوصلے کو نہ تو توڑا جا سکتا ہے اور نہ ہی آزادی کی جدوجہد رک سکتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *