پیپلز پارٹی کے راول شرجیل میمن کا ریسکیو 1122 دفتر کا دورہ، اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا
حیدرآباد(بولونیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے نوجوان رہنما راول شرجیل میمن نے ریسکیو 1122 کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں ریسکیو ایمرجنسی آفیسر روشن مھیسر اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر کامران ساریو نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ریسکیو عملے نے انہیں سلامی پیش کی اور روایتی لنگی کا تحفہ بھی دیا۔
راول شرجیل میمن نے ریسکیو 1122 کے دفتر اور آپریشنز سیکشن کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ دوستوں کی دعوت پر ریسکیو 1122 کے آپریشن کو قریب سے دیکھنے آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تین سال قبل سندھ حکومت نے صوبے کے 30 اضلاع میں ریسکیو 1122 سروس کا آغاز کیا تھا، اور اس کی آگاہی عام عوام تک پہنچانا نہایت ضروری ہے تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں لوگ بروقت اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
راول شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ کے 30 اضلاع میں ریسکیو 1122 کی ایمبولینسیں موجود ہیں جبکہ 17 اضلاع میں ریسکیو، فائر فائٹرز اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جہاں کسی بھی حادثے یا ہنگامی صورتحال میں ریسکیو اہلکار فوری طور پر عوام کی مدد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے اہلکار ہمارے قومی ہیروز ہیں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرح عوام کی خدمت میں پیش پیش ہیں۔ حیدرآباد ضلع میں ریسکیو 1122 کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہاں 17 ایمبولینسز اور 17 پوائنٹس قائم ہیں، جہاں سے ایمرجنسی کی صورت میں عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر لوگوں کی مدد کرتا ہے۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی حیدرآباد کے انفارمیشن سیکریٹری اسد ابڑو بھی موجود تھے۔


