پاکستان سنی تحریک کا بھارت مخالف احتجاج، مسلم خاتون کے نقاب ہٹانے کی کوشش کی شدید مذمت

ملتان(بولونیوز)پاکستان سنی تحریک لوہامارکیٹ سیکٹر کے زیر اہتمام جامع مسجد مدنی شھیدی لال پر ایک پرجوش بھارت مردہ باد احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوا۔ مظاہرے کی قیادت صوبائی ناظمِ اعلیٰ مرزا محمد ارشد القادری، رب نواز پپو بٹ، میاں سجاد انصاری، مرزا دانش قادری، مرزا نور علی، عمر بھائی، مرزا محمد یونس، علامہ سعید اختر قادری اور دیگر قائدین نے کی۔ عوام نے نعرے لگاتے ہوئے بھارت کے اقدامات کی شدید مذمت کی اور پاکستان کی بقاء کے لیے اتحاد کا عہد کیا۔

مرزا محمد ارشد القادری نے کہا کہ بھارت کے صوبہ بہار میں ایک سرکاری تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک مسلمان خاتون کا نقاب زبردستی ہٹانے کی کوشش نہ صرف ایک فرد کی غلطی ہے بلکہ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف جاری منظم تعصب اور جبر کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے اس عمل کو اخلاقی، آئینی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔

علماء کرام نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی فوری اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، ذمہ داروں کو جوابدہ بنایا جائے، متاثرہ خاتون سے غیر مشروط معافی لی جائے اور بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے افواج پاکستان سے بھی اپیل کی کہ محمد بن قاسم رحمۃ اللہ علیہ کی یاد تازہ کرتے ہوئے بھارت کو عبرت کا نشان بنایا جائے۔ اس موقع پر عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس سنگین واقعے کا فوری نوٹس لیں۔

مظاہرین نے آخر میں پاکستان کی سلامتی اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے تحفظ کے لیے دعائیں کیں اور عزم ظاہر کیا کہ مسلمان عورت کے حجاب و نقاب اور اقلیتوں کے بنیادی حقوق پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *