پاکستانی انٹیلیجنس کی بڑی کارروائی، داعش خراسان کا ترجمان سلطان عزیز اعظام گرفتار
اسلام آباد(بولونیوز)پاکستانی انٹیلیجنس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم داعش خراسان کے ترجمان سلطان عزیز اعظام کو گرفتار کر لیا۔
سلطان عزیز اعظام داعش خراسان کے آفیشل میڈیا ونگ الاعظائم فاؤنڈیشن کا بانی ہے جو کالعدم تنظیم کی بھرتی اور پروپیگنڈا سرگرمیوں کی مرکزی تنظیم سمجھی جاتی ہے۔
اس کی گرفتاری کے بعد میڈیا سرگرمیاں معطل ہوگئیں۔
حالیہ دنوں میں پاکستانی حکام نے داعش خراسان کے خلاف کئی ہائی پروفائل گرفتاریاں کیں جن میں کالعدم تنظیم کے ترجمان کی 16 مئی کی گرفتاری بھی شامل ہے۔
یہ بات اقوام متحدہ کی اینالیٹیکل سپورٹ اینڈسینکشنز مانیٹرنگ ٹیم کی 16ویں رپورٹ میں سامنے آئی جس میں کہا گیا کہ پاکستان کی کارروائی سے داعش خراسان کا تنظیمی ڈھانچہ عالمی سطح پر کمزور ہوا، حملوں کی کئی منصوبہ بندیاں ناکام بنائی گئیں اور اس کے جنگجوؤں کی تعداد بھی کم ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق اہم کمانڈرز اور نظریاتی رہنماؤں کو نیوٹرلائز کر دیا گیا ہے، مئی 2025 میں سلطان عزیز اعظام اور سینئر رہنما ابو یاسر الترکی کی گرفتاری سے تنظیم کمزور ہوئی، پاکستان کی کارروائی سے وائس آف خراسان جیسے اہم پروپیگنڈا پلیٹ فارمز بھی معطل ہوگئے، میڈیا میں آنے سے قبل اعظام ننگرہار صوبائی کونسل کا مشیر بھی رہ چکا ہے۔


