شیخوپورہ میں دھند کے باعث متعدد ٹریفک حادثات، 1 ہلاکت اور متعدد زخمی

شیخوپورہ(بولونیوز) شہر میں شدید دھند کے باعث مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات پیش آئے جن میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

رضا لاہور روڈ قلعہ ستار شاہ سٹاپ پر پیش آنے والے حادثے میں بس اور سکوٹی کے درمیان ٹکر کے نتیجے میں لیاقت ولد مظہر (50 سال) جاں بحق اور حماد (25 سال)، فہد (28 سال) اور ظفر (30 سال) زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو موقع پر فرسٹ ایڈ فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا اور جاں بحق شخص کی لاش پولیس کے حوالے کر دی۔

اسی دوران رضا چوک بائی پاس روڈ پر بس کے حادثے میں 5 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 2 کو موقع پر فرسٹ ایڈ فراہم کی گئی جبکہ 3 زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

مزید برآں، سرگودھا روڈ فاروق آباد میں بس، موٹر سائیکل اور کار کے درمیان ٹکر بھی ہوئی، جس کے نتیجے میں ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائی میں مصروف ہیں۔

ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دھند کے دوران انتہائی احتیاط برتیں، رفتار کم رکھیں اور حفاظتی فاصلہ قائم رکھیں تاکہ قیمتی جانوں کے نقصان سے بچا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *