سیہون قلعہ کی بیوٹیفکیشن اور حضرت لال شہباز قلندرؒ کے مزار کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس

جامشورو(بولونیوز)جامشورو میں ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری کی صدارت میں سیہون قلعہ کی بیوٹیفکیشن اور حضرت لال شہباز قلندرؒ کے مزار پر عرس مبارک کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایات کے تحت عرس مبارک سے قبل سیہون قلعہ کی بیوٹیفکیشن اور تمام متعلقہ کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عرس سے قبل سیہون قلعہ کی خوبصورتی کے لیے لائٹنگ، زائرین کی سہولت کے لیے پبلک واش رومز اور معلوماتی سائن بورڈز نصب کیے جائیں، اور صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

اجلاس میں ڈائریکٹر آثارِ قدیمہ عبدالفتاح شیخ، ایگزیکٹو انجنیئر پبلک ہیلتھ صدام حسین، اسسٹنٹ کمشنر سیہون وقاص ملوک، ایگزیکٹو انجنیئر ہائی وے اصغر علی ٹگر، پبلک ہیلتھ انجنیئر سیہون عارف رحیم شیخ، ڈی ایس پی سیہون، مختیارکار سیہون سید عابد شاہ، اسٹاف آفیسر مظہر پنہور کے علاوہ ریونیو، ورکس اینڈ سروسز، پولیس، میونسپل، اوقاف اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے ڈائریکٹر آثارِ قدیمہ اور دیگر افسران کے ہمراہ سیہون قلعہ میں جاری بیوٹیفکیشن اور مرمتی کاموں کا معائنہ کیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے حضرت لال شہباز قلندرؒ کے مزار پر حاضری دی، دعا کی اور درگاہ کی صفائی ستھرائی، انتظامات اور گنبد کی چھت کے مرمتی کام کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام کام عرس مبارک سے قبل بروقت، معیاری اور ذمہ داری کے ساتھ مکمل کیے جائیں اور کسی بھی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہ کی جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *