پاکستانی کبڈی کھلاڑی بھارتی ٹیم کے ساتھ میدان میں، فیڈریشن نے سخت ایکشن کا اعلان کر دیا
اسلام آباد(بولونیوز)پاکستانی کبڈی کھلاڑی عبیداللہ کے بھارتی ٹیم کی جانب سے کھیلنے، شرٹ پہننے اور بھارتی جھنڈا لہرانے کے واقعے پر پاکستان کبڈی فیڈریشن نے فوری طور پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
فیڈریشن کی جنرل کونسل نے معاملے کی جانچ کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ سیکرٹری فیڈریشن رانا سرور نے بتایا کہ چیئرمین چوہدری شافع حسین 27 دسمبر کو اجلاس میں اس واقعے پر غور کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بحرین میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان کے 16 کھلاڑی شامل ہوئے، مگر یہ پاکستان کی قومی ٹیم نہیں تھی، نہ ان کھلاڑیوں کو این او سی جاری کیا گیا اور نہ ہی حکومت سے اجازت لی گئی۔ یہ ایک خود ساختہ ٹیم تھی جس نے پاکستان کا نام استعمال کیا۔
رانا سرور نے واضح کیا کہ قومی کھلاڑی کا بھارتی ٹیم کے لیے کھیلنا اور جھنڈا لہرانا ناقابل برداشت ہے، معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی اور سخت ترین ایکشن لیا جائے گا۔ خود ساختہ پروموٹرز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی اور کسی کو غیر قانونی ایونٹ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سیکرٹری فیڈریشن نے مزید کہا کہ کسی صورت میں پاکستان کے نام کی بدنامی برداشت نہیں کی جائے گی، اور غیر ملکی ٹیم کی جانب سے کھیلنا اور جھنڈا لہرانا افسوسناک اقدام ہے۔


