عارف والا میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، دودھ میں ملاوٹ کرنے والی فیکٹری پکڑی گئی
عارف والا(بولونیوز)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے عارف والا کے نواحی گاؤں چک ولی محمد میں دودھ تیار کرنے والی ایک فیکٹری کے خلاف کارروائی کی، جہاں دورانِ معائنہ دودھ میں ملاوٹ پائی گئی۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران دودھ میں ملاوٹ کے لیے استعمال ہونے والے اجزا بھی موقع سے قبضے میں لے لیے گئے۔ چیکنگ کے دوران فیکٹری کے مالکان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ترجمان ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ معاملے کی اطلاع پولیس کو دی گئی جس پر تھانہ قبولہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فیکٹری کے تینوں مالکان یاسین، مظہر اور موما کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی انسانی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


