سرجانی ٹاؤن، مکان سے نوجوان خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد

کراچی(بولونیوز)سرجانی ٹاؤن میں ایک مکان سے 25 سالہ خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت کومل کے نام سے ہوئی ہے، جسے اس کے سابقہ منگیتر راشد نے سر پر لوہے کا پائپ مار کر قتل کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم راشد نے تقریباً 12 روز قبل مذکورہ مکان کرائے پر لیا تھا اور مقتولہ گزشتہ تین روز سے اس کے ساتھ رہ رہی تھی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق راشد منگنی کے بعد روزگار کے سلسلے میں دبئی چلا گیا تھا، جبکہ بعد ازاں کومل نے کسی اور شخص سے شادی کرلی تھی اور اس وقت اپنے شوہر سے خلع کے لیے کیس دائر کر رکھا تھا۔

پولیس کے مطابق قتل کے بعد ملزم نے اپنی والدہ کو فون کرکے کومل کے قتل کا اعتراف کیا اور یہ بھی کہا کہ پولیس کے گھر پہنچنے سے قبل وہ وہاں سے نکل جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ مقتولہ کے والدین کا گھر جائے وقوعہ کے قریب ہی واقع ہے، تاہم واردات کے وقت وہ رشتہ داروں کے ہاں گئے ہوئے تھے۔

پولیس نے لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزم راشد کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *